دادو، ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ میں تہرے قتل کیس کی سماعت

248

دادو (نمائندہ جسارت) میہڑ میں ام رباب چانڈیو کے دادا، والد، چچا کے تہرے قتل کیس کی سماعت ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ دادو کے جج قاضی ندیم بدر کی عدالت میں ہوئی، ام رباب چانڈیو اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئیں جبکہ کیس میں زیر الزام رکن سندھ اسمبلی سردار خان چانڈیو اور دیگر ملزم پیش ہوئے، ملزم فریق کا وکیل پیش نا ہونے کے باعث عدالت نے کیس کی سماعت آٹھ مئی تک ملتوی کردی۔ عدالت کے باہر ام رباب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردار کیس نہیں چلانا چاہتے، ہم عدالت میں حاضر تھے اور امید تھی کہ کیس چلے گا اور عدالت انصاف کرے گی مگر ملزمان کا وکیل پیش نہیں ہوا اور تاریخ لی گئی۔ دوسری جانب زیر الزام رکن سندھ اسمبلی سردار خان چانڈیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیس کون ڈیلے کررہا ہے، یہ سب کو پتا ہے۔ ام رباب چانڈیو نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کرائی تھی کہ کیس یہاں سے عدالت عظمیٰ ٹرانسفر کیا جائے، جس پر عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی تھی، اس سے سمجھ سکتے ہیں کہ کیس کون ڈیلے کرنا چاہتا ہے۔