حاجی حبیب الرحمن انتقال کرگئے،سراج الحق نے نماز جنازہ پڑھائی

263

بونیر( نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی بونیر کے رہنما ،سابق صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمن انتقال کرگئے ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سابق صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمن کی نماز جنازہ بونیر میں پڑھائی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حاجی حبیب الرحمن نے 2002ء سے 2008ء تک خیبر پختونخوا اسمبلی کے منتخب رکن اور صوبائی وزیر کے طور پر کام کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے مرحوم کی دینی و سیاسی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں امانت و دیانت اور خدمت کا پیکر قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا
ہے کہ مرحوم حبیب الرحمن کے ساتھ ایک لمبا عرصہ کام کیا اور انھیں ہر وقت تحریک اسلامی اور عوام کی خدمت کے لیے تیارپایا۔ جماعت اسلامی کے قائدین امیر العظیم، لیاقت بلوچ، مولانا عبدالمالک،ڈاکٹر فرید پراچہ، راشد نسیم، پروفیسر ابراہیم، اسد اللہ بھٹو، میاں اسلم، محمد اصغر، اظہر اقبال حسن، وقاص جعفری،ڈاکٹر حافظ ساجد انور، بختیار مانی، قیصر شریف اور دیگر نے بھی ایک بیان میں مرحوم کی ملک اور جماعت اسلامی کے لیے خدمات کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔ انھوں نے حاجی حبیب الرحمن کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔