عمران خان کو کورونا ریلیف فنڈ کا حساب دینا ہوگا،بلاول

210

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو کورونا ریلیف فنڈ کے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا،بروقت لاک ڈاؤن کرکے کورونا کے پھیلاؤ کو آسانی سے روکا جاسکتا تھا۔ایک بیان میںبلاول زرداری نے ملک میں کورونا کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وائرس
سے جاں بحق افراد کے ورثا سے افسوس کا اظہار کیا۔بلاول زرداری نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے میں کورونا حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج قابو سے باہر ہوچکا ہے،بروقت لاک ڈاؤن کرلیا جاتا تو کورونا کے پھیلاؤ کو باآسانی روکا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں ایس او پیز پر عملدرآمدکے لیے بنائی گئی ٹائیگر فورس ناکام ہوگئی؟ عمران خان نے کورونا کا شکار ہونے کے باوجود قرنطینہ میں5 رکنی اجلاس کی سربراہی کی، وزیراعظم کورونا کا شکار ہوکر احتیاط نہ کرے تو عام آدمی کیسے ایس او پیز کا خیال کرے گا۔چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن واحد طریقہ ہے جس سے معاشی مشکلات سے بچا جاسکتا ہے لیکن بدقسمتی سے ملک میں ویکسین نہ ہونے کے برابر ہے، حکومت چاہتی تو بروقت بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین خرید سکتی تھی مگر عمران خان کی کوشش مفت امدادی ویکسین کا حصول رہی، چین ویکسین عطیہ نہ کرتا تو فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ڈوز فراہم کرنے کا سلسلہ نہ شروع ہوپاتا، عمران خان کو کورونا ریلیف فنڈ کے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا۔