کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کی جدوجہد اور کوشش رنگ لے آئی ۔ بابر مارکیٹ پر 35سال قبل شہید مرزا لقمان بیگ کے ہاتھوں قائم ہونے والے بیڈ منٹن کلب سے لینڈ مافیا کا قبضہ ختم کرا دیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کورنگی کے احکامات پر ایس ایچ او لانڈھی نے بھاری فورس کے ہمراہ بابر مارکیٹ کے علاقے میں قائم بیڈ منٹن کلب پر لینڈ مافیا کے کارندوں کی جانب سے تعمیر کی گئی ناجائز تعمیرات مسمار کر دی اور کلب پر لگایا جانے والا چھوٹا گیٹ اور شٹر اکھاڑ دیاجبکہ مرکزی دروازہ نصب کرکے بیڈمنتن کلب کی سابق پوزیشن بحال کر دی ۔جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی ضلع کورنگی نے ڈپٹی کمشنر کورنگی اور اسٹنٹ کمشنر کورنگی کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے اور کے ایم سی میں موجود کالی بھیڑیں سرکاری زمین اور کھیل کے گراؤنڈ فروخت کررہی ہیں اور کراچی کے نوجوانوں کو صحت مند تفریح سے محروم کیا جارہا ہے ۔علاقے کی عوام نے بھی جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی سے اظہار تشکر کیا ہے ۔جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان نے بھی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر محمد شفیق اور بابر مارکیٹ کے ذمہ دار عبدالرحمن کی کوششوں اور محنت کی تعریف کی ہے۔