کالعدم ٹی ٹی پی کے تمام گروپ اکٹھے ہو گئے،شیخ رشید

107

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے تمام گروپ اکٹھے ہو گئے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک میں جہاں جہاں سیکورٹی خدشات ہیں وہاں ہم سیکورٹی بڑھا رہے ہیں تاکہ کوئی ایسا جان لیوا واقعہ نہ ہو، ملک دشمن اور اسلام دشمن کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے لیکن ہماری پوری نظر ہے اور حکومت کی رٹ قائم رہے گی، کالعدم تحریک لبیک کے جتنے لوگ ایم پی او کے تحت گرفتار ہیں ان کی رہائی کا ہم نے فیصلہ کیا ہوا ہے اور درجہ بہ درجہ ان کی رہائی ہوتی رہے گی،ہم نے کہا تھا کہ تھا کہ مسودہ اسمبلی میں پیش کریں گے اور وہ ہم نے کردیا اب وزارت داخلہ کا اس معاملہ سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ایف سی کی جگہ پولیس لے رہی تھی اور ہم نے ایف کی 13پوسٹیں ختم کردی تھیں اور کوئٹہ کاامن بہت بہتر ہو رہا تھا تاہم دو روز قبل دھماکہ ہوا ہے اور یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس کا نشانہ کون تھا تاہم نجی ہوٹل کے باہر خود کش حملہ ہوا ہے۔