بلاول باب الاسلام سرکاری طور پر منانے کا اعلان کریں،لیاقت بلوچ

597
حیدرآباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ مرکز تبلیغ اسلام میں پریس کانفرنس کررہے ہیں

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ محمد بن قاسم نے ظلم کا خاتمہ کرکے نہ صرف سند ھ بلکہ یہاں بسنے والوں کے دلوں کو بھی فتح کیا، قیام پاکستان اسی کا سلسلہ ہے، بلاول زرداری نے سندھ کے باب الاسلام پر تو فخر کیا ہے لیکن وہ اس دن کو سرکاری طور پر کیوں نہیں مناتے ہیں یہ تو سندھ کے لیے بڑا اعزاز ہے کہ یہاں سے برصغیر میں اسلام کی شمع روشن ہو ئی محمد بن قاسم مظلوموں کی آواز پر لبیک کہتا ہوا سندھ میں داخل ہوا اس نے سندھ ہی نہیں ملتان تک عوام کے دلوں کو بھی فتح کیا اور اپنے اخلاق وکردار اور منصفانہ فیصلوں سے گہرے نقوش چھوڑے جس کی وجہ سے یہاں کے باشندے جوق در جوق حلقہ بگوشِ اسلام ہوئے۔ریاست مدینہ کے دعویداروں کو چاہیے کہ وہ عوام سے معافی مانگ کر27رمضان المبارک کو اسلامی نظام کے نفاذکا اعلان کریں،جماعت اسلامی اللہ کے دین کو غالب کرکے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور سود کا خاتمہ چاہتی ہے ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی سے قوم کی حالت نہیں بدلے گی، اسٹیبلشمنٹ کی بے ساکھی پر اقتدار میں آنے والے عوام کی قسمت نہیںبدل سکتے ،یہ دعوے تو بہت کرتے ہیں لیکن ان کے پاس باصلاحیت اور باکردار ٹیم نہیں نہ ہی قوت فیصلہ ہے، عمران خان کی حکومت ناکام ہو گئی ہے، انہیں اپنے فیصلوں اور خراب کارکردگی پر قوم سے معافی مانگتے ہوئے نئے مینڈیٹ کے لیے عوام سے رجوع کرنا چاہیے۔ ا ن خیالات اظہار انہوںنے حیدرآباد میں یوم ِ باب الاسلام کی تقریب ، الخدمت کے تحت نعمت اللہ خان راشن سینٹر سے غریبوں میں راشن کی تقسیم ،لاکھا مسجد میں خطبہ جمعہ اور مرکز تبلیغ اسلام میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر نائب قیم جماعت اسلامی سندھ حزب اللہ جکھرو،عبدالوحیدقریشی، حافظ طاہر مجید، امیر ضلع عقیل احمد خان،ظہیر الدین شیخ، الخدمت حیدرآباد کے صدرڈاکٹر سیف الرحمان، نعیم عباسی ،ودیگر بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے مختلف سوالات کے جواب میں کہاکہ ٹی ایل پی کے معاملے میں حکومت نے تھوک کر چاٹا ہے اگر وزیر اعظم عمران خان کے مطابق ٹی ایل پی اور پی ٹی آئی کا مقصد ایک ہے تو پی ٹی آئی کو بھی کالعدم قرار دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اسلامی و فلاحی مملکت جماعت اسلامی ہی بناسکتی ہے جماعت اسلامی حکومت اور پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے تاہم یہ وقت آئیسولیشن میں رہنے کا ہے اس میں بچت ہے، اتحادی سیاست ناکام ہو گئی ہے، پی پی اور مسلم لیگ ن کی ناکامی کے بعد عوام کوعمران خان سے توقع تھی کہ حکومت فوج اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں عوام کی حالت بدل جائے گی لیکن حالت بدتر ہوگئی اداروں کو بے توقیر کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا اسپیکر کو یہ کہنا کہ وہ انہیں جوتا ماریں گے افسوس ناک ہے موجودہ پارلیمنٹ سنجیدہ نہیں ہے یہ آئین و جمہوریت کی بقا کے لیے کچھ نہیں کرسکتی ،عوام ان سے مایوس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے یہ بھی پی ٹی آئی کی حکومت کی طرح بلدیاتی انتخابات کرانے سے گریزاں ہے بلدیاتی انتخابات نہ ہو نے سے شہری مسائل میں اضافہ ہورہا ہے ۔