افغانستان میں قیام امن خطے کے لیے ناگزیر ہے،شاہ محمود

152

استنبول(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان ایک پر امن اور مستحکم افغانستان کے لیے کی جانے والی عالمی کاوشوں میں شریک رہے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں ترک وزیر خارجہ کی دعوت پر افغان امن عمل کے حوالے سے منعقدہ سہ فریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کی سہ فریقی کانفرنس میں بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ تینوں وزرائے خارجہ نے افغان عمل امن کے حوالے سے اب تک سامنے آنے والی پیش رفت اور امریکا کی جانب سے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس سہ فریقی اجلاس میں اقتصادی تعاون، روابط کے فروغ ، علاقائی امن کو درپیش خطرات اور افغان مہاجرین کی باوقار واپسی سے متعلقہ امور پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔