کوئٹہ‘ بینکنگ فراڈ کا مقدمہ‘ بینک منیجر کو28سال قید کی سزا

80

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)ایف آئی اے کی جانب سے دائر کیے گئے بینکنگ فراڈ کے ایک مقدمے میں کوئٹہ کی مقامی عدالت نے حب کے نجی بینک کے سابق برانچ منیجر کو کروڑوں روپے خورد برد کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 28 سال قید کی سزا سنادی۔ایف آئی اے کے مطابق ایم سی بی بینک حب چوکی برانچ کے سابق منیجر سید ابن الحسن نقوی نے 3سال قبل لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لیڈا) کے فنڈ میں 2 کروڑ روپے کی بد عنوانی کی تھی۔ لیڈا کی جانب سے بینک میں فکسڈ ڈیپازٹ کی غرض سے 2کروڑ روپے جمع کرائے گئے تھے تاہم ملزم نے جعلی دستاویزات فراہم کرکے رقم بینک میں جمع کرانے کے بجائے ہڑپ کرلی تھی۔ ایف آئی اے بلوچستان کے ڈائریکٹر عبدالحمید بھٹو کی سربراہی میں ملزم کے خلاف چالان اور شواہد بینکنگ کورٹ کوئٹہ میں جمع کرائے۔گزشتہ روز بینکنگ کورٹ کوئٹہ کے جج منیر احمد مری نے جرم ثابت ہونے پر ابن الحسن نقوی کو مجموعی طور پر 28 سال قید بامشقت اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید3 سال اور1 ماہ کی قید کاٹنا ہوگی۔