اسلامو فوبیا کے خلاف ایران بھی کردار ادا کرے ،شاہ محمود

197

اسلام آباد،مشہد(آن لائن،اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ ابھی مکمل ہوا ہے ، ایرانی صدر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گذشتہ ڈھائی سالوں میں پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ تعلقات میں خوشگوار بہتری آئی ہے ۔ ایرانی قیادت کے ساتھ ہونیوالی والی ملاقاتوں کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ایرانی صدر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گذشتہ ڈھائی سالوں میں پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ تعلقات میں خوشگوار بہتری آئی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا میری ایران کی پارلیمان کے ا سپیکر سے ملاقات ہوئی ۔ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور عوام کی سطح پر روابط بڑھانے میں پارلیمان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا ہم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مغرب میں اسلاموفوبیا جس تیزی سے پھیل رہا ہے اس کے خلاف پاکستان کی طرح، ایران کی پارلیمان کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا ہم نے اتفاق کیا کہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے اور لوگوں میں حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلیے پاکستان اور ایران کے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ قبل ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایرانی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ ناموس رسالتﷺ اور اسلام کی سربلندی کیلیے پاکستان اور ایران مل کر آواز بلند کریں گے۔جمعرات کو امام رضاؓ کے روضہ مبارک پر حجتہ الاسلام والمسلمین احمد مروی کیساتھ بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں آج مشہد میں امام رضا ؓ کے روضے پر پاکستانی قوم کو یہ خوشخبری دینا چاہتا ہوںکہ حجت الاسلام احمد مروی اور ایرانی قیادت نے من جملہ فیصلہ کیا ہے کہ ناموس رسالت اور اسلام کی سربلندی کیلیے پاکستان اور ایران مل کر آواز بلند اورہر فورم پر امہ کو یکجا کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ پوری امہ کو اس معاملے پر یکجا کیا جائے اور مغرب کو قائل کیا جائے کہ وہ طبقہ، وہ لوگ یا وہ ادارے جو توہینِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مرتکب ہوتے ہیں ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا بہت ضروری ہے اور اس حوالے سے ہماری جدوجہد انشا اللہ جاری رہے گی۔متولی آستان قدس رضوی، حجتہ الاسلام احمد مروی نے وزیر خارجہ کو مشہد مقدس میں خیر مقدم کیا۔