کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاکستان کوسٹ گارڈز کی اسمگلنگ کیخلاف مختلف کارروائیاں، کروڑوں روپے کی منشیات، ایرانی ڈیزل، چھالیہ، غیر ملکی کپڑا اور دیگر اشیاء برآمد کرکے 14 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز اپنی ذمے داری کے علاقے میں غیر قانونی کاروبار، اسمگلنگ کیخلاف ادارہ ہذا کی کارروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ حتی الوسع کوشش کی جارہی ہے کہ غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کو روکا جاسکے۔ اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے میں کی گئی کارروائیوں کی تفصیل ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ وندر لسبیلہ پر مختلف مسافر کوچز میں سوار 8 مسافروں سے 56 کلو گرام چرس برآمد کر کے8 اسمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک اور کارروائی میں پسنی کے قریب MS-1 کے پہاڑوں کے درمیان غیر قانونی طریقے سے چھپائی گئی 38 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی گئی جبکہ وندر شہر اور پسنی کے قریب غیر قانونی طریقے سے چھپایا گیا 1 لاکھ 78 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا گیا۔ ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ پر مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 34421 کلو گرام چھالیہ، 12544 کلو گرام غیر ملکی کپڑا، 134 عدد کمبل، 220 عدد ٹائر، 302 اسٹک غیر ملکی سگریٹ، 965 پیکٹ انڈین گٹکا اور 68 بیگ چائنا سالٹ برآمد کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی سپر ہائی وے سے دوران چیکنگ مختلف گاڑیوں سے 13433 کلو گرام چھالیہ برآمد کرکے 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ، متفرق اشیاء، 1 لاکھ 78 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل، 5 عدد گاڑیاں اور 14 افراد کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پکڑی جانے والی منشیات، چھالیہ اور متفرق اشیاء کی مالیت تقریباً کروڑوں روپے کے لگ بھگ ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جاسکے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔