اسلام آباد(آ ن لائن )اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسلم اْمہ کو ناموس رسالت کے معاملے پر مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت ہے ، پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، بھارت کا کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کی پوری دنیا مذمت کرتی ہے، بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق دینا ہو گا،اسپیکر قومی اسمبلی سے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے پوری دنیا آگاہ ۔عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔