کوئٹہ(نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے سرینا ہوٹل میں بم دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، جاں بحق والوں کی تعداد 5ہوگئی۔دھماکے کا مقدمہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی ودیگر کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔ ابتدائی تحقیقا ت کے بعد کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکا خودکش تھا ۔ دھماکے کے وقت حملہ آور
گاڑی میں موجود تھا ۔ پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آور کے اعضا جلی ہوئی گاڑیوں کے نیچے سے ملے ہیں جنہیں فارنزک کے لیے بجھوادیا ہے۔ دھماکے میں 80سے90کلو گرام سی فور جیسا حساس اور آتش گیر دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ دھماکا خیز مواد اس سے قبل بھی کوئٹہ کے کئی دھماکوں میں استعمال کیا گیا ہے۔ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی اہلکار کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف درج کر لیا گیا ۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی ایکٹ، دھماکا خیز مواد ایکٹ کی دفعات لگائی گئیں۔