کراچی (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے ملک میں بڑھتی بے روزگاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں ایسا کوئی حکمران نہیں کہ جس نے روزگار دشمنی میں انتہا کردی ہو، وزارتیں بدلنے سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے، عمران خان کو بہر صورت گھر جانا ہوگا۔ جمعرات کو بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول زرداری نے کہاکہ عمران خان نے کہا تھا کہ 2020ء نوکریوں کا سال ہوگا، 2021 آگیا مگر نوجوانوں کو نوکریاں نہیں ملیں،پی ٹی آئی کے منشور میں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ ہے جس سے یوٹرن لیتے ہوئے کہا گیا کہ ایسا کوئی وعدہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے گھوم رہے ہیں اور انہیں نوکریاں نہیں مل رہیں۔پی ٹی آئی حکومت کے بعد ملک کی تقریباً آدھی ورکنگ کلاس کی یا تو تنخواہوں میں کمی ہوئی یا وہ نوکریوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے اپنے 5 سالہ دور میں ملک بھر کے 60 لاکھ سے زاید نوجوانوں کو روزگار دیا۔بنگلہ دیش، ویتنام، گھانا اور میانمار تک میں بیروزگاری کی شرح پاکستان سے بہتر ہے۔ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے عمران خان نے ریڈیو پاکستان، پی آئی اے، اسٹیل ملز اور اسپورٹس بورڈ سے ہزاروں ملازمین نکال دیے۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈائون کے دوران بھی عمران خان نے عوام سے روزگار چھینا،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے 9 ارب روپوں کی لاگت سے پنجاب روزگار اسکیم لائونچ کی گئی مگر لاہور اور ملتان کے نوجوان اب تک ڈگریاں ہاتھوں میں لیے گھوم رہے ہیں۔