ہاکی مؤرخ وماہر شماریات مظہر جبلپوری 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

217

کراچی(سید وزیر علی قادری) معروف ہاکی مؤرخ وماہر شماریات مظہر جبلپوری طویل علالت کے بعد 91 سال کی عمر میں کراچی کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ان کے پسماندگان میں 2 صاحبزادے اور ایک صاحبزادی شامل ہیں۔ مظہر جبلپوری مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر میں 10جنوری 1930کو پیدا ہوئے۔انھیں ہاکی کا شوق جنون کی حد تک تھا۔باڈی بلڈر کی حیثیت سے بھی اپنے آپ کو منوایا۔آپ نے قیام پاکستان کے بعد سینٹرل اینڈ ٹیلیویڑن ڈویڑن، وزارت خارجہ اور مرکری پرائیویٹ لمیٹڈ میں 52 سال خدمات انجام دیں۔اس دوران متعدد ڈرامے بھی لکھے جو طبع نہ ہوسکے۔وہ پاکستان میں اردو اخبارات میں کھیلوں پر کالم نگاری کے بھی بانی تھے۔ابتداء میں متعدد اخبارات میں کھیلوں پر کالم لکھتے رہے لیکن بعد میں انھوں نے اپنے آپ کو قومی کھیل ہاکی کے لیے مخصوص کر دیا۔پاکستان ہاکی کے ریکارڈ کو مرتب کرکے قومی سطح پر بے مثال خدمات انجام دیں۔مظہر جبلپوری نے اردو اور انگریزی زبان میں گلستان ہاکی،عالمی ہاکی کپ،ریڈی ریکنر پاکستان ہاکی،اولمپک گیمز ہاکی چیمپئنز شپس،ورلڈ ہاکی اسٹیٹکس،پاکستان ہاکی نشیب و فراز،ایشیائی ہاکی نشیب و فراز،ایشیائی ہاکی،ہاکی مرکز کراچی،ڈیٹا چیمپئنز ہاکی ٹرافی، اولمپک ہاکی ریکارڈ،جمالستان ہاکی کوئز،اسٹارزاینڈ ہیروز پاکستان ہاکی،جونئیر ہاکی چیمپئن شپ، فرسٹ ٹو لاسٹ ہاکی گولڈ،پاکستان انڈیا ہاکی ریکارڈ،پاکستان ہاکی پاسٹ اینڈ پریزینٹ اور حکایات پاکستان ہاکی تصنیف و تالیف و مرتب کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا۔علاوہ ازیں پاکستان فٹبال نیشنل اور انٹرنیشنل،مچھلیاں اور ان کا شکار کے علاوہ ایک اصلاحی کتاب بھی تصنیف کی۔مظہر جبلپوری کی تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی۔نماز جنازہ میں ہاکی کے ایک بڑے حلقے نے شرکت کی۔اس موقع پر پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل اولمپیئن محمد آصف باجوہ، چیئرمین سیلیکشن کمیٹی اولمپیئن منظورحسین جونیئر, ممبران اولمپیئن کلیم اللہ, اولمپیئن خالد حمید,اولمپیئن ایاز محمود, اولمپیئن خالد حمید,اولمپیئن ناصر علی,اولمپیئن وسیم فیروز, سابق صدر پی ایچ ایف اولمپیئن قاسم ضیاء ,اولمپیئن رانا مجاہد,ہیڈ کوچ اولمپیئن خواجہ جنید,اولمپیئن دانش کلیم ، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے چیئرمین رانا مشتاق احمد،صدر زاہد شہاب بانی و اعزازی سیکریٹری جنرل پروفیسر راؤ جاوید اقبال اور دیگر عہدیداران،کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلفراز احمد خان اور پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین سید عاصم علی قادری نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور لواحقین کو صبرِ جمیل کی دعا کی۔