کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے ریڈ زون میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 4 افرادجاں بحق اور 15افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی زرغون روڈ سرینا چوک پر نجی ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا ہوا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک آواز سنی گئی جبکہ دھواں اٹھتے بھی دیکھا گیا۔آئی جی بلوچستان محمد طاہر رائے کے مطابق دھماکا مقامی ہوٹل کی پارکنگ میں ہوا، سی ٹی ڈی نے دھماکے کی جگہ کو سیل کردیا ہے اور دھماکے سے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھاکہ وفاقی وزارت داخلہ حکومت بلوچستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ابتدائی تحقیقات کی جارہی ہیں جیسے ہی دھماکے کی نوعیت اور نقصانات کا تعین ہوگا حکومت بیان جاری کرے گی۔