لاہور (آن لائن) تھانہ نواں کوٹ پولیس نے منگل کے روز چوک یتیم خانہ سے اشرف نامی جس مسلح شخص کو گرفتار کیا تھا اس کے بارے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم اشرف نے ابتدائی تفتیش میں اس امر کا اظہار کیا ہے کہ اس نے اپنے پاس پستول اور گولیاں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو قتل کرنے کے لیے رکھی ہوئی تھیں۔ ملزم کے مطابق وہ شیخ رشید پر حملہ کرنا چاہتا تھا اور وہ اپنے گھر سے لانگ مارچ میں شرکت کرنے کے حوالے سے مکمل تیاری کے ساتھ آیا تھا۔ ملزم کا یہ بھی کہنا ہے کہ چونکہ حکومت نے تحریک لبیک سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے تھے جس کے باعث اسے حکومت پر سخت غصہ تھا۔ ملزم اشرف کے مطابق اس کے مسلح ہونے کا مقصد شیخ رشید کو نشانہ بنانا تھا۔