اسپیکر قومی اسمبلی کو جوتا مارنے کی دھمکی، شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری

416

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جوتا مارنے کے دھمکی دینے پر شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 20 اپریل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی کو لیٹر جاری کردیا۔ رکن قومی اسمبلی کو اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 21 کے تحت لیٹر جاری کیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی کو ایوان میں مسلسل صدر مجلس نشین کی ہدایات کو نظرانداز کرنے خصوصاً 20 اپریل کو غیر پارلیمانی رویہ اختیار کرنے پر یہ لیٹر جاری کیا گیا۔  خط  کے متن میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے اس طرز عمل سے اسمبلی کی کارروائی کو آسانی سے چلانے میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔

شاہد خاقان عباسی نے اپنے طرز عمل سے قومی اسمبلی کی کاروائی میں خلل  پیدا کی اور ایوان کی کاروائی میں رکاوٹ ڈال کر اسپیکر کے منصب کا تمسخر اڑایا ہے۔ شاہد خاقان عباسی خط جاری ہونے کے 7 دن کے اندر معذرت کریں اور اپنی پوزیشن واضح کریں، شاہد خاقان عباسی کے مقررہ وقت میں جواب داخل نہ کرنے پر یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کو اپنے دفاع میں کچھ نہیں کہنا۔