نیب لاہور نے خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر جواب جمع کرا دیا

230

لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو ناجائز اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار سابق وزیر دفاع و مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی دائر درخواست ضمانت پر نیب لاہور نے عدالتی حکم پر جواب جمع کرا دیا۔ عدالت نے کیس سماعت آئندہ ہفتہ تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلا کو بحث کیلیے طلب کر لیا۔ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے خواجہ آصف کی دائر درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ منگل کے روز عدالتی سماعت پرنیب نے عدالت میں خواجہ آصف کی ضمانت پر رہائی کی درخواست پر جواب داخل کروا دیا، تفصیلی جواب 10 صفحات پر مشتمل ہے جس میں نیب نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی ہے اور عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ چیئرمین نیب نے 4 ستمبر 2018 کو خواجہ آصف کیخلاف انکوائری کی منظوری دی، خواجہ آصف کو 29 دسمبر 2020 کو گرفتار کیا گیا اور کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔