پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تمام14 ٹی ٹوئنٹی میچ جیتے ہیں

200

جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی اورایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کی نگاہیں اب زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز جیتنے پر ہیں ۔ 3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔اسی اسٹیڈیم میں باقی 2 میچز بھی23 اور25 اپریل کو ہونگے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہونے والے یہ زمبابوے میں9واںاور کل ملاکر15واں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ ہوگا۔ دونوں کے درمیان ابھی تک جو 14 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں ان سب میں جیت پاکستان کو ملی ہے۔اپنے گھر پر پاکستان نے نومبر2020 میں ہوئی3 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں باآسانی 3-0 سے جیت اپنے نام کی تھی۔ زمبابوے میں اس نے آخری سیریز2015 میں کھیلی تھی جس میں وہ2-0 سے فاتح رہی تھی۔
پاکستان کا زمبابوے کے خلاف سب سے زیادہ اسکور20 اوور میں4 وکٹوں پر198 رنزہے جو اس نے 16 ستمبر2011 کو بنایا تھا۔ زمبابوے کا پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور20 اوور میں3 وکٹوں پر175 رنز ہے جو اس نے لاہور میں24 مئی 2015 کو بنایا تھا۔
کنگس سٹی میں12 اکتوبر2008کو کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے مقررہ20 اوور میں 8 وکٹوں پر107رنز بنائے تھے جو اس کا پاکستان کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔پاکستان کا زمبابوے کے خلاف سب سے کم اسکور20 اوور میں8 وکٹ پر 136 رنز ہے جو اس نے ہرارے میں27 ستمبر2015 کو بنایا تھا۔ اسی میدان پر 2 روز بعد پاکستان نے 20 اوور میں6 وکٹوں پر 136 رنز بنائے تھے۔
احمد شہزاد کو پاکستان کی جانب سے زمبابو ے کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے24 اگست 2013 کو ہرارے میں 64گیندں پر6 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر98 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا اعزاز سلومن مائرے کے پاس ہے جنہوں نے ہرارے میں4 جولائی2018 کو63 گیندوں پر6 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے94 رنز بنائے تھے۔
محمد حفیظ نے ہرارے میں16 ستمبر 2011کو کھیلے گئے میچ میں2.2 اوور میں 10 رنز دیکر4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو پاکستان کی جانب سے زمبابوے کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ زمبابوے کے لیے پاکستان کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ کائل جاروزکے پاس ہے جنہوں نے ہرارے میں18 ستمبر2011 کو4 اوور میں 15 رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ پاکستان نے جو آخری 5 ٹی ٹوئنٹی بین االاقوامی میچ کھیلے ہیں اس میں3 جیتے ہیں ایک میں شکست ہوئی ہے اور ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ دوسری جانب زمبابوے نے5 میں سے2 میں کامیابی حاصل کی ہے اور3 میں شکست ہوئی ہے۔