کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی کے رہنمائوںجمیل احمد مشوانی ، محمد نواز پندرانی ، میر بہادر خان لانگو ، داود شاہ کاکڑ اور جلال خان اچکزئی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی تالا بندی کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے اگرحکومت نے کوروناکی آڑ میں پرائیویٹ اسکولز بند کرنے کی کوشش کی تو پرامن احتجاج کاحق محفوظ رکھتے ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ایک بار پھر کورونا کی آڑ میں ہمارے ملک کے نونہالوں سے تعلیم کے حصول کا بنیادی حق چھیننے کے ناروا احکامات جاری کیے ہیں جبکہ اس سے پہلے بھی اس طرح کے غیر منصفانہ عمل کو دہرایا جاچکا ہے جس کے نتیجے میں بے شمار طالب علم حصول تعلیم کو خیر باد کہہ کر مختلف کاموں اورپیشوں کے ساتھ منسلک ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت وقت نونہالوں کوتاریکی و جہالت کی گہرائیوں میں دھکیلنے کے علاوہ کوئی بھی ایجنڈا نہیں رکھتی ان کو اس طرح تعلیمی اداروں سے دور کرکے غیراخلاقی و غیر تعلیمی رویوں کی طرف راغب کرنا ایک المیہ ہے تاریخ ان نا اہل غیر ذمے دار حکمرانوں کے نام سیاہ حروف میں لکھے گی ۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے حکومت کا ایک بڑا بوجھ سر پراٹھایا ہوا ہے ایک طرف نونہالان وطن عزیز کو علم کی روشنی سے بہرہ ور کر رہے ہیں تو دوسری طرف ان پرائیویٹ اداروں کی وجہ سے بے شمار لوگوں کو روزگارمہیاکیا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے بغیر کسی حکومتی امداد کے چل رہے ہیںبچوں کی فیسوں سے اسکولوں کے کرایے ،اساتذہ اوردیگر خراجات پورے کیے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی آڑ میں پرائیویٹ اسکولز کے ساتھ سوتیلا پن واضح طورپر دیکھا جارہا ہے تعلیم دشمنی کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اسکولز سے جڑے بے شمار گھرانوں کامعاشی قتل کیا جارہا ہے اساتذہ و دیگر عملہ ذہنی کرب میں مبتلا ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تو اپنی درسی کتب تک بروقت نہیں چھاپ سکتی ہے اپنی کمزوری کو چھپانے کیلیے اسکولز بند کردیے اگر آپ اسکولز بندکرتے ہو تواسکا نعم البدل بھی دو بچوں کے تعلیم کا بالکل بھی حرج نہ ہو ہمارے اخراجات ہرماہ دیتے رہیں ہم ایک ماہ کیاپوراسال سکولز بند کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولز ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کر ر ہے ہیں اسکے باوجود حکومت کاپرائیویٹ اسکولز کو اعتماد میںلیے بغیر بند کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے جسے ہم کسی بھی صورت تسلیم نہیںکرتے اور تمام پرائیویٹ اسکولز کھلے رکھنے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے زبردستی پرائیویٹ اسکولز بند کرانے کی کوشش کی تو بلوچستان پرائیویٹ اسکولز ایکشن کمیٹی پرامن احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔