لاہو (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان حواس باختہ انسان ہیں، عمران خان کو معلوم ہی نہیں کہ سلمان رشدی نے کب کتاب لکھی اور اس وقت وزیراعظم کون تھا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا حکومت نے ایک دن میں دس سانحہ ماڈل ٹاؤن برپا کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حواس باختہ انسان ہیں، انہوں نے حواس باختہ ہوکر قوم سے خطاب کیا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ریاست کا ستیاناس کر دیا گیا ہے، آپ بھی 226 دن بیٹھے رہے، یتیم خانے چوک پربھی انھیں دو ماہ بیٹھا رہنے دیتے، یہ خود سڑکیں بلاک کرتے رہے ہیں، ایسی تقاریر کرتے رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کسی نے طاقت کا استعمال نہیں کیا تھا۔رانا ثنا اللہ نے سوال اٹھایا کہ فرانس کے سفیر کو نکالنے کے وعدے کا معاملہ 5 ماہ میں پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائے، آپ معاملہ پارلیمنٹ میں لے آئے تو پارلیمنٹ تحریک لبیک کے لوگوں سے بات کرتی،سمجھانے والی بات سمجھائی جاتی۔رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ 20 اپریل کو معاہدہ ختم ہورہا تھا، تحریک لبیک کے سربراہ کو اس سے پہلے کیوں گرفتار کیا، آپ معاہدہ ختم ہونے سے 10 دن پہلے ان پر چڑھ دوڑے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں شروع کردیں، اپوزیشن کو اعتماد میں لیے بغیر اتنا بڑا قدم اٹھایا گیا ۔ انہوں نے کہا یہ اپنا تھوکا ایک ایک کرکے چاٹیں گے، انہوں نے ریاست کی رٹ کو بالکل فارغ کردیا ہے۔