کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے مذہبی جماعت کے ساتھ تحریری معاہدہ کیا تھا کہ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے گا اور اس معاہدے پر وفاقی وزراء کے دستخط بھی موجود ہیں اس کے باوجود بھی معاہدے سے انحراف قابل مذمت عمل ہے، لاہور واقعے کی ذمے دار پنجاب حکومت ہے، بزدار کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے، ان واقعات پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجا ب کو مستعفی ہونا چاہیے، موجودہ صورتحال کی تمام تر ذمے داری عمران نیازی اور ان کی حکومت پر عاید ہوتی ہے، عید کے بعد بلوچستان حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ جمعیت کے کارکنوں اور عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبدالواسع نے کہا کہ حکومت 5 ماہ کے دوران اپنا کیا گیا معاہدہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائی اگر اس مسئلے پر پارلیمنٹ میں بحث کی جاتی تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی، سلیکٹڈ حکمرانوں نے ہنگامی اجلاس بلا کر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی زحمت تک گوارا نہیں کی، ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں نے تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کی اور سرعام نہتے سیاسی کارکنوں پر گولیاں چلائیں۔