اسد قیصر کا عالمی پارلیمنٹس کے اسپیکرز کو خطوط لکھنے کا فیصلہ

140

اسلام آباد (آن لائن )گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور سابق اسپیکر اور وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تینوں فریقین کے مابین خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف گستاخانہ بیانات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور مغربی ممالک میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ یورپ اور شمالی امریکا سے تعلق رکھنے والے مسلم پارلیمنٹیرین سے رابطہ کر کے ان سے کہا جائے گا کہ وہ اپنی متعلقہ پارلیمنٹس میں توہین رسالت کے مسئلے کو اٹھائیں۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپیکر اسد قیصر پارلیمنٹ کے اسپیکرز / پریذائیڈنگ افسران کو خط لکھیں گے تاکہ اس عمل کو ختم کرنے کے لیے ان کی پارلیمنٹ میں اس معاملے کو زیر بحث لایا جائے۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرنے سے بقائے باہمی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ یورپ ہولوکاسٹ کے بارے میں خاصا حساس ہے، جبکہ اسی وقت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف توہین آمیز باتوں سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔ انہوں نے مغربی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ ہولوکاسٹ کے ساتھ ساتھ توہین رسالت کے لیے بھی اسی معیار کو اپنائیں۔ اسپیکر نے کہا کہ اظہار رائے کی آڑ میں مذہبی جذبات کو اس طرح نظرانداز کرنا قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے سے مذاہب کو قریب لانے کے بجائے مزید دوریاں پیدا ہو رہی ہیں۔