اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)شاہد خاقان پارلیمانی آداب بھول گئے۔اسپیکر کو جوتا مارنے کی دھمکی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور اسپیکر اسد قیصر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔حکومت نے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری سے متعلق قرار داد ایوان میں پیش کی اور اس حوالے سے خصوصی کمیٹی بنانے کی درخواست کی جس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ جی شاہد صاحب آپ بات کریں۔ شاہد خاقان عباسی اسپیکر روسٹرم کے سامنے پہنچ گئے اور کہا کہ آپ کو شرم نہیں آتی۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شاہد خاقان سے کہا کہ آپ اپنی زبان صحیح رکھیں ،آپ ہمیشہ ایسی بات کرتے ہیں ۔اس پر شاہد خاقان نے کہا کہ میں آپ کوجوتاماروں گا تو اسپیکر نے کہا کہ میں بھی وہ کام کروں گا،آپ اپنی حد میں رہیں ، آپ بات کریں پلیز بات کریں۔علاوہ ازیںسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان سے مذاکرات کرنے تھے توپھر کالعدم قرار کیوں دیا۔ خلائی مخلوق اب زمینی مخلوق بن چکی ہے، ہم کہتے ہیں کہ ایک سچائی کا کمیشن بنا دیں سب پتہ چل جائے گا، فیض آباد میں جو ہوا اس کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں ۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ لاہورمیں جو ہوا اس کے حقائق عوام کے سامنے نہیں آسکے، حکومت نے کیا وعدے کیے، کیا دعوے ہوئے کچھ پتا نہیں، جماعتوں کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے، پھر بتایا جاتا ہے مذاکرات کررہے ہیں، مذاکرات کرنے تھے تو پھر کالعدم قرار کیوں دیا، وزیراعظم میں اگر ہمت تھی تو پارلیمان میں آ کر تقریر کرتے، ہر آدمی پریشان ہے کہ ملک کا وزیراعظم بات کیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سڑک پر کنٹینر رکھے ہوئے ہیں، ناموس رسالت کے معاملے پر پاکستان اور اسلامی دنیا میں کوئی دو رائے نہیں۔