کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے کامیاب مذاکرات کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے وزیرداخلہ شیخ رشید کو مبارکباد دیتے ہوئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیرداخلہ کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں شیخ رشید نے وزیراعظم کوکالعدم تحریک لبیک سےمذاکرات کے بارے میں بریف کیا۔
وزیراعظم نے مذاکرات کی کامیابی پر شیخ رشید کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہترین کام کیا،معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوگئے۔
وزیراعظم عمران خان نے معاملہ بہتر انداز میں نمٹانے پر وزیر داخلہ شیخ رشید کو سراہا اور کہا کہ لوگوں کی باتوں پر نہ جائیں اپنا کام جاری رکھیں ۔
واضح رہے کہ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید نے ویڈیو پیغام جاری کردیا
ویڈیو پیغام میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ حکومت آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گی۔
حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے بجائے آج 20 اپریل کو دوپہر 3 بجے طلب کرلیا ہے۔