عاقبت نااندیش تاجر رمضان میں عوام کو لوٹ رہے ہیں، مردان شاہ

70

پنگریو (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سید علی مردان شاہ نے ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ضلع بدین بھر میں اشیاء خورونوش کے نرخوں میں زبردست اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، اپنے بیان میں سید علی مردان شاہ نے کہا کہ ایک طرف تو پہلے ہی اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی تھیں اور غریب و متوسط طبقے کے افراد کی قوت خرید جواب دے چکی تھی، اس پر طرہ یہ کہ رمضان جیسے مقدس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی ان اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاقبت نااندیش تاجر ماہ رمضان میں روزہ داروں اور دیگر افراد کو مصنوعی گراں فروشی کرکے لوٹ رہے ہیں وہ افسوسناک امر ہے انہوں نے کہاکہ تاجروں کی جانب سے کی جانے والی مصنوعی مہنگائی پر متعلقہ ادارے کوئی کارروائی نہیں کررہے اور تاجروں کو عوام سے لوٹ مار کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع بدین نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں اپنے ہی مسلمان بھائیوں سے ناجائز منافع بٹورنے والے تاجر بھی مسلمان ہیں۔ اس بابرکت مہینے میں منافع کی شرح کم کرنا چاہیے مگر لگتا ہے تاجر حضرات کو اپنی عاقبت کی بھی فکر نہیں اوروہ اسی مہینے میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کئی گنااضافہ کرکے راتوں رات تجوریاں بھرنا چاہتے ہیں مگر اس سارے منظر میں انتظامیہ کا رویہ بھی قابل مذمت ہے۔ انتظامیہ ناجائز منافع خوری کرنے والے تاجروں کیخلاف کاررواِئی نہیں کررہی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ ضلع بدین میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں رکھی جائیں تاکہ عوام اس مقدس مہینے میں تاجروں کی لوٹ مار سے بچ سکیں۔