پشاور،کروڑہ پاورپروجیکٹ کے ڈائریکٹرناقص کا رکردگی پرفارغ

150

پشاور(این این آئی) خیبرپختونخواحکومت نے ناقص کارکردگی پر ضلع شانگلہ میں کروڑہ ہائیڈرو پاورپروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کواپنے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے نوکری سے فارغ کردیاہے جبکہ توانائی منصوبوں کے لیے مختص فنڈزکے استعمال میں سست روی کا مظاہر ہ کرنے پر 3پروجیکٹ ڈائریکٹرزکو شوکازنوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔محکمہ توانائی وبرقیات کے ذیلی ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کے جاری کردہ اعلامیوں کے مطابق ضلع شانگلہ میں11.8میگاواٹ کروڑہ ہائیڈروپاورپروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹراعجازنورشنواری کوانکوائری رپورٹ کی روشنی میں پروجیکٹ پر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر فوری طورپر اپنے عہدے سے برطرف کرکے انکی نوکری کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا گیاہے۔اسی طرح ضلع سوات میں84میگاواٹ مٹلتان ہائیڈروپاورپروجیکٹ اور 157 میگاواٹ مدین ہائیڈروپاورپروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹرزسمیت ضلع چترال میں69میگاواٹ لاوی ہائیڈروپاورپروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو بھی متعلقہ منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کے استعمال میں سست روی کا مظاہرہ کرنے پر شوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے وجوہات طلب کرلی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو پیڈو انجینئرنعیم خان نے توانائی منصوبوں پر کام کرنے والے اسٹاف کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ توانائی منصوبوں میں اب کسی بھی قسم کی سست روی یا کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے ہرحالت میں اپنے مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کیے جائیں ورنہ ملوث اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔