عوام کوریلیف دینے کیلیے مہنگائی کی وجوہات کو ختم کرنا ہوگا‘ وزیرخزانہ

125

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے مہنگائی کی وجوہات کو ختم کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق شوکت ترین نے وزارت خزانہ کا چارج باضابطہ طور پر سنبھال لیا۔ ان کی سیکرٹری پلاننگ اور چیف شماریات سے تعارفی ملاقات ہوئی جس میں چیف شماریات نے مہنگائی کے اعداد و شمار مرتب کرنے پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینیکے لیے مہنگائی کی وجوہات کو ختم کرنا ہو گا‘ بروقت اور درست ڈیٹا اشیائے ضروریہ کی دستیابی بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ وزیر خزانہ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری شروع کردی اور بجٹ پر وزارت خزانہ سے بریفنگ لے لی ہے‘ معیشت کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز ہیں‘ جلد میڈیا کو ترجیحات سے آگاہ کروں گا‘ 11 سال بعد وزارت خزانہ میں 2 گھنٹے معاشی امور پر بریفنگ لی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے بھی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرا شاہد نے وزارت کے امور پر وزیر اطلاعات کو بریفنگ دی ۔