اسلام آباد( آن لائن ) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے مذہبی جماعت کے ساتھ معاہدہ کر کے غلط کیا،معاملے پر صوبوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے، وقتی فائدہ لینے کے لیے ایسی کوئی چیز نہ کریں جس کا بعد میں نقصان ہو،سندھ میں کورونا کیسز پھیل رہے ہیں وفاق ایکشن نہیں لے گا تو ہم لیں گے ۔ پیر کو اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سب کے دلوں میں رسول اکرمؐ کی عزت اور جذبات ہیں،ناموس رسالت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا،اتوار کولاہور میں جو کچھ ہوا اس کے رد عمل میں ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا گیا،ہم نے سندھ میں مذہبی جماعتوں سے رابطے بھی کیے ہیں،ہمارے کسی بھی عمل سے دوسروں کو مشکلات نہیں ہونی چاہییں،سندھ حکومت نے کہا ہے کہ کوئی شخص اپنی مرضی سے دکان بند کرنا چاہتا ہے تو اسے نہیں روکا جائے گا، پرامن طریقے سے جو احتجاج کرنا چاہتا ہے اسے نہیں روکیں گے، اگر امن و امان کی صورتحال پیدا ہوئی تو حفاظتی اقدامات کریں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت نے مذہبی جماعت کے ساتھ معاہدہ کر کے غلط کیا، حکومت اب بھی صورتحال پر وقتی قابو پانے کے لیے ان سے معاہدہ کر لے گی اور غلط کرے گی، وقتی فائدہ لینے کے لیے ایسی کوئی چیز نہ کریں جو ممکن نہ ہو اور اس کا بعد میں نقصان ہو،اس معاملے پر بھی صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں،ڈیل کی بات درست نہیںہے، خورشید شاہ ایک عرصے سے جیل میں ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ این سی او سی کی گزشتہ میٹنگ میں انہوں نے کراچی سے شرکت کی تھی، ٹرانسپورٹ بند کرنے کی ان کی تجویز نہیں مانی گئی تھی، ٹرانسپورٹ2 دن کے لیے بند کرتے تو بیماری کا پھیلاؤ رک جاتا،صوبائی محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا کیسز پھیل رہے ہیں، لگتا ہے وفاق ایکشن نہیں لے گا اور ہمیں ہی اس وبا سے نکلنے کا راستہ نکالنا ہو گا۔