اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ قومی کمیشن برائے ویمن اسٹیٹس کی تشکیل کیلیے اپوزیشن کی طرف سے نام موصول ہوگئے ہیں، توقع ہے کہ جلد اس کا اعلان کردیا جائے گا جبکہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی طرف سے بچوں، کمسن قیدیوں اور خواتین کے حوالے سے قانون سازی پر وزارت انسانی حقوق اور پارلیمنٹ کو مبارکباد دی گئی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں شیریں مزاری نے کہا کہ قومی کمیشن برائے خواتین کے قیام کیلیے ہم نے اشتہار دیا بعد ازاں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے تجاویز جمعے کو موصول ہوئیں۔ عدالت عظمیٰ نے اب فیصلہ دے دیا ہے توقع ہے کہ یہ کمیشن جلد تشکیل دے دیا جائے گا۔