خیبر پختونخوا میں تباہ شدہ اسکولوں کی دوبارہ تعمیر کا آغاز

280

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور چینی سفیر نونگ رونگ نے ضم شدہ اضلاع میں تباہ شدہ اسکولوں کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کردیا ۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں دہشت گردی کی وجہ سے تباہ شدہ 50ا سکولوں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا ، جن میں 24 بوائز سکولز اور26 گرلز اسکولز کی تعمیر نو شامل ہے۔ منصوبے کا مجموعی تخمینہ لاگت2323 ملین روپے ہے جس میں سے 868 ملین روپے حکومت پاکستان فراہم کرے گی جبکہ 10.29 ملین امریکی ڈالر چائینز حکومت فراہم کرے گی ۔یہ منصوبہ جنوری2023ء تک مکمل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پیر کے روز وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میںافتتاحی تقریب کے دوران اسکولوں کی تعمیر نو کے منصوبے پر عمل درآمدسے متعلق محکمہ تعلیم اور متعلقہ چینی حکام کے مابین معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اُتری ہے اور سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی ایک زندہ مثال ہے ۔