اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسلام آباد میں رہائش پذیر بزرگ شہریوں کی بہبود، آرام اور وقار کے اہتمام کا بل 2020ء اور خواتین بچوں، بزرگوں اور کسی غیر محفوظ شخص کو گھریلو تشدد سے تحفظ فراہم کرنے، ریلیف دینے اور بحالی کے مؤثر نظام کیلیے
(گھریلو تشدد تدارک و تحفظ بل 2020ء) منظور کرلیے گئے دونوں بل وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے پیش کیے، انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، محسن داوڑ کی زیر صدارت ذیلی کمیٹی نے زبردست کام کیا ہے ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میںنظام انصاف برائے کمسن بل 2021ء اور اسلام آباد میں تحفظ اطفال ترمیمی بل 2021ء بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا یہ دونوں بلز بھی شیریں مزاری نے پیش کیے۔ وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اشاعت قرآن مجید غلطیوں سے پاک طباعت اور ریکارڈنگ ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا۔ ریاستی ملکیتی انٹر پرائزز گورننس اور آپریشنز بل 2021ء اور جموں و کشمیر انتظام املاک ترمیمی بل 2021ء قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے یہ دونوں بلز وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کیے۔ کاروباری تعمیر نو کمپنیات ترمیمی بل 2021ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔ رکن اسمبلی مہناز اکبر عزیز نے کہا کہ نیشنل کمیشن آف چائلڈ رائٹس ایک سال سے بنا ہوا ہے ہمیں اسے مزید فعال بنانا ہوگا، آج جو بلز پاس ہوئے ان کے رولز بھی بننے چاہئیں ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ انسانی حقوق سے متعلق بلز سینیٹ سے بھی منظور ہوں۔