اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وغیرہ کے خلاف جعلی اکائونٹس اسیکنڈل کے نوری آباد پاور پلانٹ مبینہ منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے مستقل استثنا کی درخواست دائر کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، خورشید انور جمالی عدالت پیش ہوئے جبکہ عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان کی ایک روزہ حاضری سے استثنا کی درخواست دی گئی۔دوران سماعت وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی طرف سے حاضری سے مستقل استثنا کی درخواست دائر کرتے ہوئے وکیل نے کہاکہ ملک میں امن وامان کی صورتحال سازگار نہیں استثنا کی درخواست منظور کی جائے۔جس پر عدالت نے کہاکہ آپ درخواست جمع کرا دیں ہم دیکھ لیتے ہیں۔عدالت نے مراد علی شاہ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا اورملزمان کو ریفرنسز کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت5مئی تک ملتوی کر دی۔