اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یو اے ای کے سینئر وزیرشیخ نہیان بن مبارک النہیان اوروزیر مملکت برائے خارجہ امور، احمد علی الصایغ سے الگ الگ ملاقات کی۔پیر کو ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر اور بین الاقوامی ایکسپو 2020ء
کے کمشنر جنرل شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے ساتھ ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور انہیں یو اے ای آمد پر خوش آمدید کہا۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیر کو ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور، احمد علی الصایغ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ، کاروباری وفود کے تبادلے اور اقتصادی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔