لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے وسط سے گزرنے والے رائس کینال سے مٹی اور ریت نکالنے کا سلسلہ جاری، محکمہ آبپاشی خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگا ہے جبکہ ٹھیکیدار مافیا دفعہ 144 کے باوجود بھاری مشینری کے ذریعے ریت کے ٹریکٹر بھر بھر کر لے جانے لگا ہے، رائس کینال میں گڑھے پڑنے اور ٹریکٹروں کی آمد رفت سے کینال کی پشتیں کمزور ہونا شروع ہوگئے ہیں، مٹی اور ریت کے گرد غبار کے باعث علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کرکے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مکینوں شہمیر علی، فدا حسین، خالد حسین و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ رائس کینال سے ریت کے ٹریکٹر بھر کر لے جانے سے گڑھے پڑنے سے 10 سے زائد بچے جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے، آئے روز ٹریکٹروں کی تیز رفتاری کے باعث بچے، مرد و خواتین زخمی ہوتے رہتے ہیں لیکن کوئی کارروائی کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رائس کینال سے مٹی لے جانے کا سلسلہ بند کرکے بااثر مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد علی سومرو موقع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے غیر قانونی کام کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ مافیا کروڑوں روپے کی ریت نکال کر فروخت کرچکی۔