کراچی (پ ر )امیر جماعت اسلامی کیماڑی فضل احد نے سحر و افطار کے اوقات میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی مبارک ساعتوںمیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو دہری اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔گیس کے کم پریشر اور بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سے بنارس ، اتحاد ٹائون، بلدیہ ،نیول ،مشرف کالونی ،پاک کالونی ،ماڑی پور ،شیرشاہ سمیت دیگرعلاقے شدید متاثر ہیں۔ گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے سحر و افطار کی تیاری میں عوام کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے۔فضل احد نے مطالبہ کیا سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کریں اور بجلی و گیس کی ترسیل کو بھی بہتر بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شام میں کاروباری مراکز کی بندش کے باوجود لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالا تر ہے۔گرمی کی حالیہ لہر میں دن کے وقت شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ روزہ داروں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔کے الیکٹرک سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میںبھی لوڈشیڈنگ سے باز نہیں آئی۔بجلی کی بندش سے روزہ داروں کو عبادات کی انجام دہی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کے الیکٹرک رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ سے باز رہے۔