اسلام آباد(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہحکومتی رٹ قائم کرنے کے سوا چارہ نہیں ‘ تحریک لبیک سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہورہے،20اپریل تک ٹی ایل پی کو تحلیل کردیں گے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی نے ملک کی 192 جگہوں کو بند کیا تھا، جن میں سے 191 جگہیں کلئیر کرادی گئی ہیں،اس وقت صرف لاہور یتیم خانہ چوک بند ہے اور اب بھی حالات کشیدہ ہیں، کالعدم تحریک لبیک والے کسی صورت اپنے ایجنڈے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، ان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔شیخ رشید کہنا تھا کہ ہم ذہنی طور پر تیار نہیں تھے اس لیے تحریک لبیک کے خلاف ایسے اقدامات کرنا پڑے، حکومتی رٹ کے قیام کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، 20 اپریل تک کالعدم ٹی ایل پی کو تحلیل کردیں گے، ان کے اکاؤنٹ منجمد اور شناختی کارڈ بھی بلاک ہوں گے اور اس تنظیم کے خلاف مزید کارروائی سے متعلق ایک ماہ میں کابینہ فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 20 اپریل کو راولپنڈی
اسلام آباد کے شہریوں کو راستے کھلے ملیں گے،وزیراعظم نے گزشتہ روز ناموس رسالت سے متعلق اہم بیان دیا کہ کسی صورت گستاخی کو قبول نہیں کریں گے، ہم کسی صورت ناموس رسالت پر بات نہیں آنے دینا چاہتے۔شیخ رشید کہنا تھا کہ سعد حسین رضوی کو کبھی نہیں ملا ، تحریک لبیک پاکستان کی مجلس شوریٰ سے 6 یا6 مرتبہ میٹنگ کی۔