جاتی امراء کی اراضی قانونی طور پر خریدی گئی،حمزہ شہباز

203

لاہور(نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف ومسلم لیگ(ن)کے صدر میاں شہباز شریف نے اپنے صاحبزادے و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے جاتی امرا میں کیے جانے والے ممکنہ آپریشن کو عدالت کے ذریعے حل کرایا جائے،یہ انتقامی کارروائی ہے، حکومت ایسے ہتھکنڈے استعمال کرکے ہمیں جھکانا چاہتی ہیں۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے حمزہ شہباز اور اہلخانہ نے ہفتہ وارملاقات کی جس میں حمزہ نے اپنے والد کی خیریت دریافت کی اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں حکومت کی جانب سے شریف فیملی کی جاتی امرا اراضی کے انتقال منسوخی کا معاملہ پر غور فکر بھی کیا گیا۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے شہباز شریف کے ساتھ ضمانت کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جاتی امرامیں متوقع آپریشن اور سٹے آرڈر پر بھی شہباز شریف کو تفصیلی اگاہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جاتی امراکی اراضی قانونی طور پر خریدی گئی،کسی قسم کی کوئی بے ضابطگی اس میں نہیں،حکومت کے سیاسی انتقام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،حکومت یہ سب کچھ مہنگائی سے توجہ ہٹانے کیلیے کر رہی ہے۔ملاقات کے بعد حمزہ شہباز میڈیا سے بات کیے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔ ملاقات میں شہباز شریف کے وکلابھی موجود تھے۔