سکھر،بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف خواتین سڑکوں پر نکل آئیں

181

سکھر (نمائندہ جسارت) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف خواتین سڑکوں آگئیں، ہاتھوں میں سبزیاں، پھل، روٹی اٹھا کر پریس کلب کے سامنے انوکھے انداز میں احتجاج، حکومت کیخلاف نعرے بازی، موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، خواتین مظاہرین کا اظہار خیال، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف سکھر کی سول سوسائٹی سمیت سماجی خواتین رہنماؤں سمیت لیڈیز ونگ کے زیر اہتمام خواتین کی کثیر تعداد نے سکھر پریس کلب کے سامنے ہاتھوں میں سبزیوں اور پھلوں کی ٹوکریاں، روٹی اٹھا کر انوکھے انداز میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور وفاقی حکومت کیخلاف فلک شگاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت خواتین رہنماؤں صائقہ قائمخانی، رضیہ عباسی، میڈم خانم و دیگر کررہی تھیں۔ اس موقع پر مذکورہ خواتین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ حکومتی نااہلی کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات سمیت روز مرہ کی کھانے پینے کی اشیا سے لے کر علاج معالجے کی ادویات تک مہنگی ہوچکی ہیں۔ عوام دشمن پالیسیوں نے پاکستان کے مظلوم عوام سے جینے کی امنگ تک چھین لی ہے۔ پاکستان میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے، غریب اور متوسط طبقات دو وقت کی روٹی اور علاج معالجے کے لیے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں سمیت ضلعی انتظامیہ نے منافع خور مافیا کو عوام کو لوٹنے کا فری لائسنس دے دیا ہے۔ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر آٹا، چینی، گھی و دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ فی الفور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدام اور عوام کو ریلیف فراہم کرکے ان میں پائی جانیوالی بے چینی اور مایوسی دور کی جائے۔