جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میںپاکستان کی نو وکٹ کی جیت اس قسم کے کرکٹ میں اسکی اتنے وکٹوں سے چوتھی تھی۔
جنوبی افریقانے اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ20 اوور میںپانچ وکٹ پر 203 رن بنائے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں یہ دوسرا موقع تھا جب پاکستان کے خلاف اننگ میں دو سو سے زیادہ رنز بنے۔ اس سے پہلے صرف سری لنکا نے ایسا کیا تھا۔ اس نے دبئی میں13 دسمبر2013 کو20 اوور میں تین وکٹ پر 211 رنز بنائے تھے۔اس میچ میں پاکستان نے 24 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔
جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان نے18 اوور میںایک وکٹ پر 205 رنز بناکر میچ میں نو وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان نے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے دو سو سے بڑا اسکور بنایا۔اس سے پہلے پاکستان کا دوسری اننگز میں سب سے زیادہ اسکور19.5 اوور میںچھ وکٹ پر189 رنز تھا جو اس نے موجودہ سریزکے پہلے میچ میںجوہانسبرگ میں بنایا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان نے پہلی مرتبہ نو وکٹ سے جیت انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں حاصل کی تھی۔7 ستمبر2016 کو ہوئے اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے20 اوور میں سات وکٹ پر 135 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے14.5 اوور میںایک وکٹ پر139 رنز بناکر میچ نو وکٹ سے جیتا تھا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی میں پاکستان نے دوسری مرتبہ نو وکٹ سے جیت اپنے نام کی۔23 ستمبر2016 کو ہوئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی سبھی کھلاڑی پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 19.5 اوور میں115 رنز بناکر آوٹ ہوگئے تھے۔پاکستان نے14.2 اوور میںایک وکٹ پر 116 رن بناکر میچ میں نو وکٹ سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔
پاکستان نے اپنے گھر پر ایک مرتبہ نو وکٹ سے جیت حاصل کی ہے۔ بنگلا دیش کے خلاف لاہور میں25 جنوری2020 کو ہوئے میچ میں بنگلا دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر 136 رن بنائے تھے۔ پاکستان نے16.4 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر137 رن بناکر میچ نو وکٹ سے جیتا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ابھی تک بائیس مرتبہ ایسا ہوا ہے جب کسی ٹیم نے کوئی وکٹ کھوئے بغیر جیت حاصل کی ہے۔ ایسا کرنے والی پہلی ٹیم جنوبی افریقا تھی جس نے پاکستان کے خلاف جوہانسبرگ میں2 فروری 2007 کو ایسا کیا تھا۔پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میںآٹھ وکٹ پر 129 رن بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ میزبان ٹیم نے11.3 اوور میں کسی نقصان کے بغیر132 رنزبناکر میچ میں دس وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔