اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں لارجر بنچ نے ہائیکورٹ چیف جسٹس بلاک حملہ اور توڑ پھوڑکے بعد وکلا کے خلاف مس کنڈکٹ کارروائی کے کیس میں مس کنڈکٹ کی کارروائی آگے بڑھانے کا معاملہ آئندہ سماعت تک ملتوی کردیا گیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ ہمارے پاس ایک شکایت آئی ہے اور اسی کے ساتھ وڈیو ریکارڈنگ بھی ہے،یہ کورٹ بار کو عزت دیتی ہے اس معاملے کو ہم بار پر چھوڑتے ہیں وہ خود آکر ملوث لوگوں کے نام بتائے،دوران سماعت توہین عدالت کیس میں شامل وکیل نے عدالت کے سامنے خود کو سرنڈر کر دیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آئندہ سماعت پر جو لوگ واقعے میں ملوث نہیں، ان کا نام نکالا جائے گا، یہ صرف آپ کی بات نہیں پوری لیگل کمیونٹی کا معاملہ ہے۔ درخواست گزار نے کہاکہ جو لوگ وڈیو میں نہیں اور اس کے خلاف کیس ہے انکا کیا میکینزم ہوگا؟ عدالت نے کیس کی سماعت 22 اپریل تک کے لیے ملتوی کردی۔