شہزاد اکبر نے رائیونڈ کا گھر گرانے کا منصوبہ بنایا، مریم اورنگزیب

361

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہناہےکہ دباؤ ڈال کر راتوں رات دستاویز میں تبدیلی کی گئی، عمران خان کی سرپرستی میں مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے منصوبہ بنایا کہ رائیونڈ کا گھر گرایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہناہےکہ بورڈ آف ریوینیو کے عملے سے گن پوائنٹ پر ریکارڈ تبدیل کروایا گیا اور پرائیویٹ لینڈ کو اسٹیٹ لینڈ بنایا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدالت نے روک دیا ورنہ ان کا پورا منصوبہ تیار تھا، عمران خان بغض نواز اور شہباز میں یہ سب کر رہے ہیں ، شہزاد اکبر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر صاحب عمران خان کے حکم پر کمیشن کھاتے پکڑے گئے، شہزاد اکبر صاحب نے پٹواریوں کو یرغمال بنایا ہوا تھا، دستاویزت میں ہیر پھیر کرنے والوں کے بارے میں ہمیں پتہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ کی تمام اراضی 1992 سے شریف خاندان کی ملکیت ہے، یہ لوگ گھٹیا حرکتوں پر اتر آئے ہیں، شریف فیملی کو یا وہاں کے مکینوں کو کوئی نوٹس نہیں کیا گیا، شریف خاندان کے پاس موجود ریکارڈ کون بدلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدمعاش ٹولے کا فوکس بورڈ آف ریوینیو اور رائیونڈ میں شریف خاندان کا گھر ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نظریہ دفن ہو گیا تو شریف خاندان کے گھر پر پوری مشینری لگا دی، ہمت یا جرات ہے تو عمران خان جاتی عمرہ کا گھر گرا کر دکھائیں۔