وزیراعظم کل سکھر اور کراچی پہنچیں گے،ناراض پی ٹی آئی رہنما نظر انداز

159

کراچی/سکھر (اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت) وزیراعظم کل سکھر اور کراچی پہنچیںگے‘پی ٹی آئی کے فعال رہنماؤں نے تحریک انصاف کے ناراض گروپ سے رابطے ختم کرلییانہیں سکھر میں وزیراعظم کی آمد پرکسی تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ سندھ میں سینیٹ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ کی تقسیم پر تحریک انصاف سندھ کے عہدیداروں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو کو پارٹی ٹکٹ کے اجرا پر احتجاج کیا تھا‘ ناراض رہنماؤں میں گل محمد رند ، اللہ بخش انڑ، لیاقت علی جتوئی، محمد رند، ممتاز شاہ، اکبر خان بنگوار، صداقت علی جتوئی، ایوب شر، سردار خالد راجپر، گل محمد رند اور ممتاز شاہ سمیت دیگر شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان اسلام آباد سے سکھر پہنچیں گے‘ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور جی ڈی اے رہنما سردار علی گوہر مہر و دیگر ائرپورٹ پر ان کا استقبال کریں گے۔وزیراعظم سکھر میں کامیاب نوجوان پروگرام کا افتتاح کریں گے اور پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم سکھرمیں جی ڈی اے رہنمائوں سے بھی ملاقات کریں گے۔وزیراعظم 16 اپریل کی دوپہر کراچی کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ شوکت خانم فنڈ ریزنگ افطارڈنر میں شرکت کریں گے‘ وزیراعظم گورنر ہائوس میں مختصر قیام کے بعد اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔