اسلام آباد (آن لائن ) این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت کو شکست ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما سینیٹر اعجاز چودھری کو ہدایت کی ہے کہ این اے 75 کے 19 فروری اور 10 اپریل کے ضمنی الیکشن کا موازنہ کیا جائے، 19 فروری کے الیکشن میں تحریک انصاف جیت گئی اور 10 اپریل کو شکست کیسے ہوئی ،تمام وجوہات کا تعین کیا جائے ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعجاز چودھری کو ہدایت کی کہ رپورٹ میں ضمنی الیکشن میں شکست پر پاکستان تحریک انصاف کی خامیاں بھی بتائی جائیں۔ دوسری جانب اعجاز چودھری کی جانب سے وزیراعظم کو ایک ہفتے میں رپورٹ تیار کرنے کی یقین دہانی بھی کروا دی گئی ہے۔