جسم کو شرعی احکامات کے مطابق ڈھالنا روزے کی روح ہے، مردان شاہ

163

پنگریو (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سید علی مردان شاہ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، ہمیں اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت کرنا چاہیے تاکہ اس مہینے کی برکات سمیٹی جاسکیں۔ وہ تحصیل ٹنڈو باگو کے مختلف شہروں میں استقبال ماہ رمضان تقریبات سے خطاب کررہے تھے۔ سید علی مردان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ رمضان کا مہینہ ہمیں تزکیہ نفس اور صبر کا درس دیتاہے، ایک مسلمان جب پورادن بھوکاپیاسہ رہتا ہے تواسے دیگرمہینوں میں اپنے آس پاس رہنے والے نادار اورغریب افراد کی مشکلات اوربھوک وافلاس کااحساس ہوتا ہے اوروہ ایسے افراد کی مدد کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں صرف کھاناپینابندکرناہی روزہ نہیں بلکہ جسم کے ہر حصے کو شرعی احکامات کے مطابق ڈھالنا ہی روزے کی اصل روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں دیگر مذاہب کے مقدس ایام کے مواقع پر روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں کم ہوجاتی ہیں مگربدقسمتی سے ہمارے ہاں ان کی قیمتیں دگنی سے بھی زائد ہوجاتی ہیں جوکہ افسوسناک بات ہے ہمیں ایسے رجحانات کی حوصلہ شکنی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان میں انتظامیہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اورذخیرہ اندوزوں و منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے ماہ رمضان میں ضلع بدین کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد میں درس قرآن کے علاوہ افطار کے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر غلام رسول احمدانی اور دیگر بھی موجود تھے۔