لاڑکانہ ،پولیس کی کارروائی 6 ملزمان منشیات و اسلحہ سمیت گرفتار

209

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے، 6 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات، چنگ چی رکشہ، موبائل فونز اور بھینس برآمد کرلی۔ تعلقہ پولیس نے وگن روڈ سے منشیات فروش آکاش بلوچ کو دو کلو چرس سمیت، ایئر پورٹ پولیس نے گاؤں بلھڑجی کے قریب منشیات فروش علی حسن بھٹی کو ڈیڑھ کلو چرس سمیت، عاقل پولیس نے ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم پرویز بابر شیخ کو نوڈیرو پولیس نے مطلوب ملزم پرویز کٹبر کو اور بقاپور پولیس نے دو مطلوب ملزمان صاحب خان عرف مسعود تنیو اور غلام نبی لاشاری کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب رتوڈیرو پولیس نے چنگ چی رکشہ اور تین موبائل فونز برآمد کرکے اصل مالکان رضوان، شنکر لعل، عطاء اللہ اور رب ڈنو کے حوالے کردیں، باقرانی پولیس نے بھینس برآمد کرکے اصل املک امیر بخش بروہی کے حوالے کردی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ قنبر تحصیل کے گاؤں شریفانی کی رہائشی دو بچوں کی والدہ عصمہ اور ان کے شوہر سلطان کلہوڑو موٹر سائیکل سے گر کر شدید زخمی ہوئے، جنہیں ورثاء کی جانب سے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج عصمہ فوت ہوگئیں جبکہ ان کے شوہر کو طبی امداد دی گئی۔ اس موقع پر متوفی خاتون کے ورثاء کا کہنا تھا کہ عصمہ کی طبیعت خراب ہونے پر شوہر کے ہمراہ لاڑکانہ آرہی تھیں کہ راستے میں دونوں موٹرسائیکل سے گر کر شدید زخمی ہوئے، اسپتال منتقل کرنے پر ڈاکٹروں نے عصمہ کے موت کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب لاش ورثاء گاؤں لے گئے۔ ڈوکری اور لاڑکانہ میں دو مختلف واقعات میں دو بچے جھلس کر شدید زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈوکری تحصیل کے گاؤں وکڑو میں 6 سالہ بچی مرک اور لاڑکانہ شہر کے میروخان چوک کے علاقے میں 3 سالہ بچہ روشن علی جاگیرانی گرم چائے کے گرنے سے شدید زخمی ہوئے جنہیں ورثاء کی جانب سے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا، جہاں بچی مرک کے جسم کا 70 جبکہ بچے روشن کے جسم کا 30 فیصد جھلسنے کی تصدیق کرتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں طبی امداد دی۔