لاہور (نمائندہ جسارت) قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے خلاف ایک اور کیس کی تحقیقات شروع کردیں۔ نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف پنجاب پراونشنل بینک کے سی ای او سید طلعت کی غیر قانونی تعیناتی کی منظوری دینے سے متعلق انکوائری شروع کی گئی ہے، سید طلعت محمود کی تعیناتی میں بے ضابطگیاں ہوئیں۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے نیب کی تفتیشی ٹیم کو جیل میں شہباز شریف سے تفتیش کی اجازت دے دی اور سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت کو باقاعدہ حکم نامے ارسال کر دیا۔ علاوہ ازیں لاہور سیشن عدالت نے ٹی وی پر ریاست اور اداروں کے خلاف گفتگو کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں نامزد مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے عبوری ضمانت درخواست پر سماعت بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔