کراچی(اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شیخ رشید کا بیان لسانی تفریق کو ہوا دینے کی مذموم کوشش ہے اور مقامی باشندوں کے شناختی کارڈ کا معاملہ اٹھانا وفاقی حکومت کی شرمناک حرکت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے شیخ رشید کی متنازع پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صدیوں سے آباد سندھیوں کے شناختی کارڈ کی بندش وفاقی حکومت کا فتور ہے، انڈس ویلی کے باشندے
سلیکٹڈ حکمرانوں کی تانا شاہی برداشت نہیں کریں گے، اگر شیخ رشید کے شناختی کارڈ پر لاہور کے باشندے سوال اٹھائیں تو کیا ہوگا؟۔ شیخ رشید زمینی حقائق سے بے خبر ہو کر کن قوتوں کے ایجنڈے پر عمل کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی ان لغویات کو برداشت نہیں کرے گی، وفاقی حکومت شیخ رشید کے متنازع بیان کا نوٹس لے کر معافی مانگے کیونکہ سندھ کے باشندوں کے لیے شیخ رشید کا بیان ناقابل قبول ہے۔