نالائق اپوزیشن پی ٹی آئی کی خوشی نصیبی ہے ،شیخ رشید

212
کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی ( نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی خوش نصیبی ہے کہ اسے نالائق اپوزیشن ملی ہے ، ڈسکہ الیکشن میں جمہوریت کی جیت ہوئی، حکومت ڈسکہ الیکشن ہار کر بھی جیتی ہے ،پنجاب میں آئندہ الیکشن پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے درمیان ہوگا، براڈ شیٹ کمیشن انکوائری نے سوئس اکائونٹس کھلوانے کے احکامات دیے ہیں اور اس پر بھی کا م شروع کردیاہے،گزشتہ حکومت کا کیس دوبارہ کھولا جائے گا،عمران خان سیاسی طور پر زندہ ہیں، افواہوں میں کوئی صداقت نہیں،افواہوں کا عمران خان پر کوئی اثر نہیں ہے، پیوٹن اور ٹرمپ نہیں مان رہے، ہم الیکشن نتائج مان رہے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کا وقار،ناموس رسالت پر طے کیا اسمبلی میں مسودہ لائیں گے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران دو ٹوک الفاظ میں کہہ چکے کہ بھارت سے آرٹیکل370کی واپسی تک کوئی بات نہیں ہوگی،عثمان بزدار کا قلعہ مضبوط ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے خاردارتاریں اورباڑ لگانے کریڈٹ پاک فوج کوجاتاہے، ایران کے ساتھ بارڈر کا کام 42فیصدکام ہوچکاہے، ان شاء اللہ30جون تک افغان بارڈر مکمل ہوجائے گا۔شہزاد اکبر سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشیدنے کہاکہ شہزاد اکبر احتساب کے وزیر ہیں، وہ چینی اسکینڈل اور منی لانڈرنگ سے متعلق معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔ ایف آئی اے میرے ماتحت ہے مگر شہزاد اکبر جو کر رہے ہیں انہیں کرنے دیں۔ ان کے خلاف منظم مہم چلائی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ غلط خبریں چل رہی ہیں، میں اور فروغ نسیم دونوں ای سی ایل کے رکن ہیں اور ہم نے کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے دستخط نہیں کیے، اگر انہوں نے این آئی ایل میں کچھ لوگ ڈالے ہیں اس کا مجھے علم نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کرپشن ، اتخابی اصلاحات اور مافیاکے خلاف سندھ حکومت سمیت سب سے بات کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرتحصیل کی سطح پر نادرا اور پاسپورٹ کے دفاترکھلیں گے۔جہانگیرترین کہیں نہیں جارہے۔وزیراعظم نے مافیا کو للکارا ہے اور ان کی کوشش ہے کہ لوٹ مار کرنے والوں پر نکیل لگائی جائے، عمران خان مہنگائی سے متعلق معاملات کو خود دیکھ رہے ہیں جبکہ ماہ رمضان میں کوشش ہوگی کہ لوٹ مار کو کنٹرول کیاجائے۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جناح انٹرنیشل ائر پورٹ کراچی کا دورہ کیا۔وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ انہوںنے امیگریشن حکام کو بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کے لیے کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر داخلہ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سندھ کو ہدایت دی کہ مسافروں کی تیز ترین امیگریشن کے لیے کاؤنٹرز کی تعداد کو دگنا کیا جائے۔نئے کاؤنٹرز کی تکمیل اگلے ایک مہینے تک مکمل کی جائے۔