ڈسکہ کے عوام کو مبارکباد، علی اسجد کے گھر مٹھائی لیکر جائونگی، نوشین افتخار

300

ڈسکہ/سیالکوٹ/ پشاور(صباح نیوز) این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والی مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار نے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی کی مبارکباد پر ان کے گھر مٹھائی لیکر جائیں گی۔ آر او دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوشین افتخار نے کہا کہ ڈسکہ کو ایک بار پھر مبارکباد، میں نے سرکاری نتیجہ وصول کرلیا ہے۔ عوام کی
خدمت کے لیے پرعزم ہوں۔ انہوں نے پی ٹی آئی امیدوار سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ علی اسجد ملہی کو پیغام ہے اقتدار کی لالچ میں جانیں قربان نہیں کرنی چاہیے ، میری خواہش تھی الیکشن اسی طرح پرامن ہوتا۔ علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنما حاجی غلام احمد بلور نے ڈسکہ انتخابات میں کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب جو قوتیں حکمرانوں کے ساتھ کھڑی ہیں ان کو سمجھ لینا چاہیے کہ عوام کیا چاہتے ہے۔ ادھر الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ڈسکہ کا ضمنی الیکشن شفاف اور انتہائی پرامن ماحول میں منعقد ہواہے۔ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کا کردار قابل تحسین ہے،رینجرز اور پاکستان آرمی نے بھی ضمنی انتخاب کے پرامن انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ پر ہونے والے ضمنی انتخاب کا سرکاری نتیجہ جاری کر دیا۔مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار نے خود ریٹرننگ افسر کے دفتر جاکر سرکاری نتیجہ وصول کیا، پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی نتیجہ وصول کرنے نا پہنچے۔سرکاری نتیجے کے مطابق نوشین افتخار ایک لاکھ 10 ہزار 76 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 93 ہزار 433 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔